حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور کے مہتممِ اعلیٰ، حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ محمد افضل حیدری نے اربعینِ حسینی کے موقع پر حوزہ نیوز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربعینِ حسینی اب صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں رہا، بلکہ یہ ایک عظیم عالمی تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے، جو دنیا بھر میں محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام، عشقِ امام حسین علیہ السلام اور مقصدِ کربلا سے وابستگی کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربعین کے اس عظیم اجتماع میں شریک ہونے والے کروڑوں زائرین اس بات کا ثبوت ہیں کہ امام حسین علیہ السلام کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہو چکا ہے۔ آج مختلف ممالک، زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اہلِ خانہ، بچوں اور خواتین کے ساتھ اس روحانی سفر میں شریک ہو رہے ہیں، جس سے یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ امام حسینؑ کی محبت انسانوں کے دلوں میں دینِ اسلام کی حفاظت اور حق کی سربلندی کا جذبہ بیدار کر رہی ہے۔
علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ اربعین کی یہ تحریک ہر سال پہلے سے زیادہ وسعت اختیار کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ باطل اور استکباری قوتیں اس عظیم اجتماع سے خوفزدہ ہیں۔ ان کے نزدیک اربعین ایک ایسا بیدار شعور پیدا کر رہا ہے جو ظلم، استبداد اور باطل نظاموں کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد علماء کے نزدیک اربعین کی یہ عالمگیر تحریک حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے لیے زمین ہموار کرنے والے اہم عوامل میں سے ایک ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اربعین صرف پیدل چلنے یا زیارت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ خود احتسابی، کردار سازی اور فکری تبدیلی کی تحریک ہے۔ جو شخص اس مقدس سفر میں شریک ہوتا ہے، اسے واپس لوٹتے وقت پہلے سے بہتر انسان بن کر آنا چاہیے۔ اگر ہمارے اخلاق، عبادات، معاملات اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی پیدا نہیں ہوتی تو ہمیں اربعین کے حقیقی مقصد پر مزید غور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیارتِ اربعین میں ہم امام حسین علیہ السلام سے عہد و پیمان کرتے ہیں کہ ہم حق کے راستے پر ثابت قدم رہیں گے اور باطل کا ساتھ نہیں دیں گے۔ اس عہد کو صرف زبان سے دہرانا کافی نہیں بلکہ اسے اپنی عملی زندگی میں بھی نمایاں کرنا ضروری ہے۔ ہمارا کردار، ہماری گفتار، ہمارے معاملات اور ہمارا طرزِ زندگی ایسا ہونا چاہیے جو امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات اور سیرت کے مطابق ہو۔
علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ آج کے دور میں ہر مومن کی ذمہ داری ہے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے مقصد، یعنی دینِ اسلام کی حفاظت، عدل کے قیام، ظلم کی مخالفت اور انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائے۔ یہی اربعین کا حقیقی پیغام ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو اہلِ بیت علیہم السلام کی حقیقی پیروی تک پہنچاتا ہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام زائرینِ امام حسین علیہ السلام کی عبادات اور زیارات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، امتِ مسلمہ کو اتحاد و بیداری نصیب کرے، ہمیں امام حسین علیہ السلام کے مقصد کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل فرمائے۔









آپ کا تبصرہ